بنگلورو25؍جولائی(ایس او نیوز)سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے سرکاری بسوں کی ہڑتال سے نمٹنے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کے طریقۂ کارپر شدید نکتہ چینی کی ہے اور کہاہے کہ وہ ریاست میں تغلق دربار چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں میں آمدنی کا جو رساؤ ہورہاہے اگر اسے روک دیا جائے گا تو خود بخود یہ ادارے منافع بخش ہوجائیں گے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین سے بات چیت کرکے اس مسئلے کو سلجھانے کی بجائے وزیراعلیٰ سدرامیا ان سے ٹکراؤ کا رویہ اپنار ہے ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے حکومت کو سنجیدہ کوشش کرنی چاہئے تاکہ ہڑتال کے سبب عوام کو جن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کو ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں میں جو آمدنی ہورہی ہے اس میں رساؤ کی حد کافی زیادہ ہے، اگر اس کو کم کیا جائے تو خسارہ میں چل رہی کارپوریشنوں کو منافع کی طرف لے جایا جا سکتا ہے ۔خاص طور پر ان ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں میں جو غیر قانونی وصولی کی جاتی ہے، اسے کم کیاجانا چاہئے۔ اس موقع پر کمار سوامی نے میسور کے ڈی ڈی پی آئی دفتر کے روبرو اساتذہ کے نامناسب تبادلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا۔ انہوں نے احتجاجیوں سے مخاطب ہوکر کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ تبادلوں میں خامیوں کے مرتکب ڈی ڈی پی آئی بسپا کو معطل کرے اور کونسلنگ کے ذریعہ تبادلوں کے سلسلے کو ختم کیا جائے۔ اس مسئلے کو سلجھانے کیلئے انہوں نے مناسب نمائندگی کا تیقن دیا۔